وادی کشمیر میں ہونیوالا ظلم سیکولر ازم کے کھوکھلے نعرے ہیں :شوکت منیر
گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) 5فروری کو دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں کشمیر میں غاصبانہ تسلط کیخلاف آواز بلند کر کے بھارتی سرکار کو آئینہ دکھایا گیا ہے، کشمیریوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت کی فرسودہ سوچ کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہونیوالا ظلم سیکولر ازم کے کھوکھلے اور مکارانہ دعوئوں کی داستان کے سوا کچھ نہیں۔ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی ممبر ایم کیو ایم چوہدری شوکت منیر نے گذشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ ہر اُبھرتا ہوا سورج آزادی کشمیر کی امید اور ہر ڈوبتا ہوا سورج کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کی گواہی دے رہا ہے۔ مودی سرکار کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور آج ساری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کے مظلوم اور محکوم عوام کیساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کر تی ہے۔ہر پاکستانی ان کی بے مثال جدوجہد، عظیم قربانیوں، شہادتوں اور استقامت و عزیمت کو خراجِ تحسین پیش کر رہا ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ کشمیری بھائیوں، مائوں اور بہنوں کو مکمل آزادی دلانے تک انکا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔یہ ہمارا دینی، ایمانی،اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ آزادیِ کشمیر ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی۔ چوہدری شوکت نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کی منزل کے حصول تک ان کی غیر مشروط حمایت کرتی رہیگی،بھارتی حکومت کی دہائیوں سے جاری بربریت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں کمی کی بجائے شدت آئی ہے ۔ کشمیری عوام کی بے کسی اور بدحالی پر عالمی برادری کی خاموشی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔