نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا
کراچی(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) سعید آباد میں گھات لگائے ملزمان نے مسجد سے نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال پہنچائی۔سعید آباد تھانے کے ہیڈ محرر اے ایس آئی خان محمد نے بتایا کہ واقعہ سیکٹر 8بی عائشہ مسجد کے قریب پیش آیا ہے جبکہ مقتول کی شناخت 65سالہ اللہ دین کے نام سے کی گئی جو کہ عصر کی نماز ادا کرنے کے بعد تلاوت کر رہا تھا جس کے بعد وہ جیسے ہی مسجد سے باہر نکل کر جانے لگا گھات لگائے ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ مقتول کو گردن پر ایک گولی لگی تھی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے۔انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جبکہ مقتول کا آبائی تعلق کوئٹہ سے تھا اور کوئٹہ میں سردی کے باعث وقتی طور پر سعید آباد کے علاقے میں رہائش پذیر تھا۔ہیڈمحرر کے مطابق مقتول کے بیٹے کوئٹہ میں ہی رہائش پذیر ہیں اور ان کا اپنا الیکٹرونکس کا کاروبار ہے تاہم پولیس نے مقتول کے بیٹوں سے رابطہ کیا ہے وہ والد کی لاش وصول کرنے کراچی آ رہے ہیں اور ان کے بیان پر صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔ پولیس جائے وقوعہ اور ملزمان کے فرار ہونے والے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز سے ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔