نارووال میں "کلینک آن ویلز” پروگرام کامیابی سے جاری
نارووال(حاجی غلام عباس )سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمحمدشہبازنے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کی طرح ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضاکی زیرنگرانی ضلع نارووال میں بھی "کلینک آن ویلز” پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اس پروگرام کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ عام شہری خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کو اسپتال جانے کی زحمت کے بغیر معیاری علاج مہیا ہو۔انہوں نے کیاکہ ڈپٹی کمشنرنارووال کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی نگرانی میں کلینک آن ویلز کی موبائل ٹیمیں شہر اور دیہی علاقوں میں دورہ کر رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں ماہر ڈاکٹروں، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر تربیت یافتہ عملے پر مشتمل ہیں، جو لوگوں کے گھروں میں جا کر چیک اپ، ادویات کی فراہمی، حفاظتی ٹیکے اور ابتدائی طبی امداد جیسی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔سی ای او ہیلتھ نےمزیدکہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام عوامی فلاح کا عملی مظہر ہے جس سے شہریوں کو صحت کی سہولیات بآسانی میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلینک آن ویلز پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے ضلعی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں،یہ پروگرام عوام میں بے حد مقبول ہو رہا ہے اور شہری اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔