ریجن پولیس گوجرانوالہ اوراپیکس گروپ آف کالجز کے درمیان ایم او یو سائن
گوجرانوالہ(رانا عبدالغفار خاں )ریجن پولیس اوراپیکس گروپ آف کالجز گوجرانوالہ کے درمیان ایم او یو آر پی او آفس میں سائن کیاگیا۔ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیمی اداروں میں بہترین تعلیم کے مواقع فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ریجن پولیس گوجرانوالہ اوراپیکس گروپ آف کالجز گوجرانوالہ کے ساتھ ہونے والا ایم او یوریجن کے تمام پولیس ملازمین کیلئے خصوصی سہولت کا باعث بنے گا۔آر پی او نے کہاکہ اس ایم او یو کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کواپیکس گروپ آف کالجز میں بالکل فری ایجوکیشن دی جائے گی جبکہ حاضر سروس، غازی، دوران سروس وفات پا جانے والے اور ریٹائرڈملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات میں 60فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ تمام ریجن میں پولیس ملازمین کو ایم او یو بارے مطلع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔آر پی او نے پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنے پرراپیکس گروپ آف کالجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ملازمین کیلئے اپیکس گروپ آف کالجزکا یہ اقدام قابل تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج آر پی او آفس میں اپیکس گروپ آف کالجز گوجرانوالہ کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا پرنسپل اپیکس گروپ آف کالجز نے ریجن پولیس گوجرانوالہ کے ساتھ ایم او یو کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریجن پولیس گوجرانوالہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا عمل بھرپور جانفشانی سے سر انجام دیتی ہے اور یہ امر باعث خوشی ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپیکس گروپ آف کالجز اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔