سرائے مغل : مرغوں کی لڑائی پر جوا کھیلنے والے چار افراد گرفتار
سرائے مغل ( یاسین یاس ) با اثر شخص کے ڈیرے پر مرغوں کی لڑائی پر جوا کھیلنے والے چار افراد گرفتار۔داو پر لگی ہزاروں روپے کی رقم اور قیمتی مرغے بھی پولیس نے قبضے میں لے لیے۔پانچ جواری بھاگ جانے میں کامیاب۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو مخبری ہوئی کہ نواحی گاوں ہنجرائے کلاں کے قریب ایک با اثر شخص کے ڈیرے پر مرغوں کی لڑائی پر جواری جمع ہیں اور جوا کھیل رہے ہیں۔ پولیس کے محمد فیاض طاہر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا تو وہاں درجنوں لوگ جمع تھے اور مرغوں کی لڑائی پرجوا کھیل رہے تھے جبکہ بے زبان مرغے لڑ لڑ کر لہو لہان ہو چکے تھے مگر لوگ ان زخمی مرغوں کی لڑائی دیکھ کر واہ واہ کے نعرے بلند کرکے محظوظ ہو رہے تھے۔پولیس کو دیکھ کر کافی جواری موقع سے فرار ہو گئے جبکہ چار جواریوں ملزمان شفقت،آصف،شہزاد اور عبداللہ کو گرفتار کرلیا گیا۔جبکہ داو پر لگی 8430. روپے،تین قیمتی موبائیل،تین موٹر سائکلیں اور ایک ویگن بھی پولیس نے قبضہ میں لے لی۔جبکہ پانچ جواری رشید،علیم،ندیم،ارسلان،امجد،موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے جواریوں اور مرغوں کو حوالات میں بند کر دیا جہاں زخمی مرغوں نے اونچی اونچی بانگیں ازانیں دے دے کر آسمان سر پر اٹھا لیا جبکہ تھانہ ٹرانسپورٹ اڈے کا منظر پیش کرنے لگا۔عوامی سماجی حلقوں نے جوئے کے بدنام زمانہ اڈے سے جواری پکڑنے پر سرائے مغل پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔26-5-2025