علاقائی خبریں

بھارت نے معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا،پاک فوج نے ملک بچایا:عبدالعلیم خان

خوشاب ( عزیزالرحمان بوڑانہ سے)پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور پاک بھارت معرکے میں شاندار فتح پر فضائیہ، بحری اور بری فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام خوشاب میں "معرکہ حق کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔کنونشن کے مہمان خصوصی صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اُس دشمن کے خلاف فتح دلوائی ہے جس نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں ہمارے معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا اور جو سب سے پہلی شہادت ہوئی وہ ہمارے فوجی کے معصوم بیٹے کی ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے سب سے پہلے فجر کی امامت کروائی اور اللہ اکبر کے نعرہ لگانے کے بعد مودی کو وہ جواب دیا جسے اُس کی دس نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتظامیہ پوری دنیا کے سامنے معافیاں مانگنا شروع کر دیں اور اُس کا گھمنڈ خاک میں مل گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف سٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا،فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو، بحریہ کے سربراہایڈمرل نوید اشرف دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دینا چاہتے ہیں جنہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ائیر چیف نے ڈیڑھ گھنٹے میں دشمن کے 6جہاز اُس کی زمین پر گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بری، بحری اور فضائیہ نے سر دھڑ کی بازی لگائی ہے، پاکستانی فوج اور عوام ایک ہے، جب بھی دشمن میلی آنکھ سے دیکھے گا ہم سب مل کر دفاع کریں گے،فوج کے ساتھ ہم سب اکھٹے ہیں، دشمن کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کے لئے قربانی دیں گے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہماری اتنی دھاک بیٹھی ہے کہ رافیل کے ریٹ گر گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے پنڈال میں چین، ترکیہ اور آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا سپہ سالار صرف پاکستان کا نہیں بلکہ سارے عالم اسلام کا سپہ سالار ہے، ہم نے اسرائیل کو بھی پیغام دیا ہے کہ ہم فلسطین نہیں، ہم پاکستان ہیں۔مرکزی صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا خوشاب میں شاندار استقبال کیا گیا، پنجاب کی روائتی پگ پہنائی گئی،آٹش بازی کا مظاہرہ کیا گیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
اپنے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ10مئی کے دن مودی کی بڑھکیں، اُس کا فوج اور پیسے کا غرور خاک میں مل گیا، پاکستان نے دشمن کے رافیل طیارے اُسی کی اپنی زمین پر گرائے۔انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ! پاکستان کی بہادر اور غیور افواج نے ڈیڑھ گھنٹے میں کایا پلٹ دی اور اُس کے بعد ہر پاکستانی فخر اور مسرت محسوس کر رہا تھا۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ ساری قوم متحد اور سارا پاکستان اکٹھا ہے، آج سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کے باعث کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی قوت ہونے کے ناطے سارے عالم اسلام کی جنگ لڑی، آج اگر ہم ایٹمی قوت نہ ہوتے اور اس قدر نڈر مسلح افواج نہ ہوتی تو خدانخواستہ ہمارا حشر بھی غزہ جیسا ہوتا۔عبدالعلیم خان نے خوشاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی قریہ قریہ پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے، ہم نے پہلا کنونشن لیہ میں کیا اور اب خوشاب کے بعد کامونکی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے عوام استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی غیور افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہداء او ر غازیوں کو سلام پیش کریں گے۔ اس موقع پر استحکام پاکستان کے ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری انجینئر گل اصغر بگھور، آئی پی پی خوشاب کے صدر و ٹکٹ ہولڈر امیر حیدر سنگھا، استحکام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، ممبران پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی، غضنفر عباس چھینہ، پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان،نائب صدر میاں جنید ذوالفقار،سابق وزیر داخلہ ملک حبیب خان، صدر جنوبی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی، ہارون عمران گل،خرم حمید روکھڑی،محترمہ قدرت نیازی اور دیگر مقررین نے عبدالعلیم خان کے معرکہ حق کنونشن منعقد کرنے کے فیصلے کو بر وقت اور شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ 25کروڑ عوام ثابت کر رہے ہیں کہ وہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس موقع پر این اے88خوشاب سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ شہریوں نے آدھی کوٹ،نور پور تھل میں آمد پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا اور پاک افواج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔پنڈال میں استحکام پاکستان پارٹی کے کارکنوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ چین، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button