چیچڑوں کے تدارک کے سپرے کے لیے 3چیک پوسٹیں قائم
گوجرانوالہ(رانا عبدالغفار خاں ) ضلع گوجرانوالہ میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے لیے15مویشی منڈیاں اور چیچڑوں کے تدارک کے سپرے کے لیے 3چیک پوسٹیں قائم،محکمہ لائیو سٹاک اورسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گوجرانوالہ کی طرف سے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ میڈم ڈاکٹر صائمہ ارم سید کی زیر نگرانی 15مراکز برائے فری علاج معالجہ قربانی کے جانور قائم کیے گئے ہیں تحصیل گوجرانوالہ میں 13 مراکز،کھیالی بائی پاس، بالمقابل گورنمنٹ ہائی سکول گوجرانوالہ، رہائش چوہدری اصغر علی واہلہ اڈا ریت والا نزد اوورہیڈ برج کھیالی بائی پاس، نواب چوک نزد پی ایس او پیٹرول پمپ، بکر منڈی سلاٹر ہاؤس شیخوپورہ روڈ، معافی والا نزد سیالکوٹ بائی پاس، کینال اپر چناب بائی پاس موضع تھیڑی سانسی، کیٹل مارکیٹ راہوالی کینٹ، عقب شہباز تکہ نزد چن دا قلعہ بائی پاس،تحصیل کامونکی میں 1 مرکز، نیو غلہ منڈی نزد جی ٹی روڈ اور تحصیل نوشہرہ ورکاں میں 1 مرکز ایسٹ گرین مارکیٹ تتلے عالی روڈ قائم ہیں۔جن کے انچارج ویٹرنری آفیسرز (ہیلتھ) ہیں اور ان کے ساتھ 75 ویٹرنری اسسٹنٹ اور درجہ چہارم کے ملازمین ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ جوکہ تمام مراکز خریداری برائے قربانی کے جانوروں کاعلاج ومعالجہ بالکل فری کررہے ہیں۔اسی طرح ضلع کے داخلی و خارجی راستوں میں 3چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں محکمہ کے 21 ویٹرنری اسسٹنٹ ودرجہ چہارم عملہ تین شفٹ میں ٹرکوں و دیگر لوڈر گاڑیوں پر آنے والے قربانی کے جانوروں کو کانگو بخار، گلٹی دار جلدی بیماری سے بچانے کے لئے چیچڑوں کے تدارک کا سپرے کر رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ ڈاکٹر صائمہ ارم سید نے سیل پوائنٹ برائے قربانی کے جانورجاکر خود کام کا جائزہ لیا اور لائیو سٹاک کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ عید قربان کے موقع پر علاج معالجہ اور خدمت میں کوئی کسرنہ چھوڑیں انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گوجرانوالہ ہر لمحہ انکے ساتھ ہے اور انکے جانوروں کو ہر ممکن طبی امداد دی جائے گی اور محکمہ کی جانب سے فری علاج و معالجہ مہیا کیا جائے گا۔