انسانی سمگلنگ جبری مشقت چائلڈ لیبر سنگین جرائم ہیں
لودھراں (محمد اعجاز انصاری) انسانی سمگلنگ،جبری مشقت اور چائلڈ لیبرسنگین جرائم ہیں جن کا تدارک ناگزیر ہے ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی بدھ نے ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی برائے انسدادِ جبری مشقت ، چائلڈ لیبر اور انسانی اسمگلنگ کے مشترکہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کےکمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کے تدارک و مانیٹرنگ، چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے خاتمہ سمیت کم از کم اجرت کے قانون کے نفاذ، سکیورٹی رجسٹریشن کارڈز کے اجراء اور بھٹہ مالکان کی طرف سے کنٹری بیوشن جمع کرانے کے حوالے سے اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی نے محکمہ لیبر کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ضلع سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور اس حوالے سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف فوری ایکشن لیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کو حکومت کی طرف سے رائج کردہ کم از کم اجرت کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔انہوں نے محکمہ لیبر کے افسران کو ہدایت کی کہ بھٹوں پر کام کرنیوالے مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈز جلد از جلد بنوائے جائیں تاکہ مزدوروں کیساتھ ساتھ ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی ضروری طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ضلعی ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر چوہدری محمد امین سمیت محکمہ تعلیم ، سوشل ویلفیئر ، ماحولیات، پولیس اور این جی اوز کے نمائندگان سمیت کمیٹی کے دیگر ممبران شریک تھے۔