خطرناک اشتہاری ملزمان کی فائرنگ , درزی ہسپتال میں دم توڑ گیا
مریدکے(آئی این پی)خطرناک اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نواحی گاؤں کوٹ حنیف کا درزی بھی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ملزمان نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر درزی محمد افضل کے گھر پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر اپنی ماں کے ساتھ کپڑے سلائی کے لیے آنے والاتین سالہ بچہ جاں بحق جبکہ درزی شدید زخمی ہو گیا۔ مقتولین کے ورثاء نے نعش جی ٹی روڈپر رکھ کر ٹریفک معطل کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر کے علاقہ کوٹ حنیف میں محمد اعظم نامی خطرناک ملزم نے ساتھی کے ہمراہ مقامی درزی محمد افضل کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں اپنی ماں کے ہمرا نئے کپڑے سلائی کروانے کے لیے آنے والا تین سالہ ایان آصف موقع پر دم توڑ گیا جبکہ درزی محمد افضل شدید زخمی ہو گیا جسے ریسکیو ٹیم نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے منتقل کردیا۔ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے درزی بھی دم توڑ گیا جس پر مقتول کے ورثاء نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے سامنے نعش رکھ کر جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل کر دی۔ ورثاء کے مطابق ملزم اعظم ابھی تک چار افراد کوموت کے گھاٹ اتار چکا ہے جبکہ اس کے خلاف دیگر درجنوں سنگین مقدمات درج ہیں مگر پولیس اسے گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروا کر ٹریفک بحال کرا دی۔ پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔