چند منٹ کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا،
مصطفی آباد/للیانی (نمائندہ خصوصی) چند منٹ کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا،گلیاں تالاب بن گئیں،بارش کا پانی گھروں اور مسجدوں میں داخل،سرہالی روڈ،دفتوہ روڈ،وڈانہ روڈ مکمل طور پر ٖغلاظت سے بھر گئے۔مون سون الرٹ ہونے کے باوجود انتظامیہ نے صفائی اور آب رسانی کے کوئی انتظامات نہ کئے جس کی وجہ سے علاقہ میں ہر طرف پانی اور گندگی کا راج ہے،تفصیلات کے،طابق محکمہ موسمیات کی پری مون سون کی واضح پیش گویؤں کے باوجود مصطفی آباد للیانی کے عملہ صفائی نے صفائی کے انتظامات پر کوئی توجہ نہ دی جس کی وجہ سے آج ہونے والے چند منٹ کی بارش نے سب اچھاکی رپورٹس کو عیاں کردیا۔بارش اورسیویج کے پانی سے گلیاں اور راستے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کے ساتھ ساتھ سرہالی روڈ کی مساجد میں بھی داخل ہو گیا۔پانی کی نکاسی کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں اور مکانات کے گرنے کا اندیشہ بھی منڈلانے لگا ہے۔سرہالی روڈ،دفتوہ روڈ،وڈانہ روڈ اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو مون سون کی بارشوں کی خبر پہلے سے معلوم ہونے کے باوجود حفاظتی انتظامات نہ کرنا اور علاقے کی صفائی نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے جس کی وجہ سے مصطفی آباد کے مکین شدید مصیبت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔اگران علاقوں کی صفائی کی طرف توجہ نہ دی گئی تو آنے والے مون سون میں کوئی بڑا المیہ بھی جنم لے سکتا ہے۔