گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایک آگاہی واک کا انعقاد
گوجرانوالہ(۔ رانا عبدالغفار خاں ) گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، اس کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھاواک کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر، پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج نے کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے ہمیں طبی ماہرین کے ساتھ ساتھ سماجی سطح پر بھی بیداری کی ضرورت ہے۔ احتیاط، تعلیم اور ویکسینیشن کے ذریعے ہی اس مہلک مرض سے نجات ممکن ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔”اس واک میں گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبران، طلباء، پیرا میڈیکل اسٹاف، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور اس کے علاج کے متعلق پیغامات درج تھے۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے اس موقع پر کہا:“ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے، اور اس کے خلاف ہماری کامیابی صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہم سب مل کر اجتماعی کوشش کریں۔ اس واک کا مقصد عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔”گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک صحت مند، محفوظ اور ہیپاٹائٹس فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔