کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیرآباد اور سمبڑیال کا دورہ،
گوجرانوالہ ( ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیرآباد اور سمبڑیال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور موقع پر موجود ڈاکٹرز اور عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر محمد علی نے کہا کہ صحت کے اداروں کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ہسپتالوں میں صفائی، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔