” دو قدم دور ” و تقسیمِ صفدر سلیم سیال ایوارڈ کا انعقاد
احمد پور سیال (مسٹر غلام شبیر بھوجوانہ سیال سے)احمد پور سیال کی واحد علمی و ادبی تنظیم بزمِ قلم کے زیرِ اہتمام شاندار مشاعرہ ، تقریبِ پذیرائی ” دو قدم دور ” و تقسیمِ صفدر سلیم سیال ایوارڈ کا انعقاد ہوا اس محفل کی صدارت نامور شاعر جناب سرور خان سرور صاحب نے فرمائی اس مشاعرے کو نوجوان نسل کے نمائندہ صاحبِ اسلوب شاعر شہظل خان نے صاحبِ شام کی حیثیت سے وقار بخشا مہمانانِ خصوصی میں جناب راکب مختار ، جناب دانش نقوی ، جناب طاہر محمود طاہر ، محترمہ شازیہ رباب اور محترمہ ارم شہزادی صاحبہ شامل تھیں اس محفل کے مہمانانِ اعزاز احمد عالمگیر ہراج ، محمد علی ایاز ، طارق عزیز سلطانی ، نوید انجم ، ساجد رضا خان ، فراز احمد اور ابرار حسین باری تھے مشاعرے کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت علی شان نے حاصل کی نعتِ رسول کریمِ ثنا خوانِ مصطفی جناب طارق عزیز سلطانی کے حصے آئی مشاعرے کی نظامت منفرد لب و لہجہ رکھنے والے انتہائی زیرک شخصیت جناب حسنین پومی نے کی افتتاحی کلمات میں ادب کی اہمیت اور صفدر سلیم سیال جیسے شعرا کی وراثت کا ذکر ہوا جس نے سامعین کو ادبی مزاج میں ڈھال دیا اس محفل کا پہلا حصہ شہظل خان کی تصنیف ” دو قدم دور ” کی تقریبِ پذیرائی پر مشتمل تھا جس کی باقاعدہ رونمائی و پذیرائی منفرد انداز سے کی گئی شہظل خان کی دو قدم دور پر پروفیسر طاہر عباس ملک اور اسد رضا سحر نے مقالے پیش کیے تقریب کا دوسرا حصہ مشاعرہ تھا ناظمِ مشاعرہ نے ایک خاص ترتیب سےشعرا کو دعوتِ سخن دی نوجوان شعرا نے جوش و جذبے سے اپنے اشعار پیش کیے، جبکہ سینئر شعرا نے کلاسیکی رنگ اور تجربے کی گہرائی سے محفل کو باندھے رکھا
غزل اور نظم کے سوز نے سامعین سے بار بار "واہ واہ” اور تالیوں کی صدائیں بٹوریں ناظمِ مشاعرہ نے جب صفدر سلیم سیال کے کلام سے ایک شعر پڑھا تو پوری محفل پر ایک خاموشی سی چھا گئی جیسے لفظ دل پر اتر رہے ہوں
شروع سے لیکر آخری شاعر تک محفل بامِ عروج پر رہی مہمان شعرا سمیت مقامی شعرا نے بھی اپنے کلام سے سماں باندھ دیا مقامی شعرا میں اسد رضا سحر ، ثقلین میثم اور اشرف صابری شامل تھے
مشاعرے کے اختتام پر بہترین ادبی خدمات پر تمام ادبی پر شخصیات کو بزمِ قلم احمد پور سیال اور ارباب شوکت عباس کے اشتراک سے صفدر سلیم سیال ایوارڈز پیش کیے گئے یہ ایوارڈ مختلف سماجی ادبی شخصیات کے دستِ مبارک سے شعرا کو پیش کیے گئے یہ لمحہ محفل کا سب سے باوقار حصہ رہا، جہاں ادب کو محض تفریح نہیں بلکہ قدر و منزلت دی گئی
زندہ دلانِ احمد پور سیال نے شعر سے محبت کا اظہار بھر پور شرکت سے کیا اس مشاعرے میں سامعین جوق در جوق تشریف لائے جن میں سیاسی ، سماجی ، شعر فہم باذوق احباب کے علاوہ نوجوان طلبا ، صحافی برادری ، معززینِ علاقہ شامل تھے جنہوں نے شعر سے والہانہ محبت کرتے ہوئے شروع سے آخر تک تمام شعرا کو بھر پور سنا اور داد و تحسین سے نوازا
محفل کا اختتام شکریے کے کلمات اور دعا پر ہوا اسد رضا سحر صدر بزمِ قلم اور بانی بزمِ قلم طاہر عباس ملک نے شعراء سامعین ، ایجوکیٹر وژن سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت یہ شام دلوں پر نقش ہوئی صدارتی خطبہ میں سرور خان سرور صاحب نے بزمِ قلم احمد پور سیال اور خصوصا اسد رضا سحر کی ادبی خدمات کو خوب سراہا اختتام پر شعرا، سامعین اور منتظمین سب کے چہروں پر اطمینان تھا یہ محفل محض ایک پروگرام نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت تھی کہ ادب آج بھی دلوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتا ہے
آخر میں صدر بزمِ قلم اسد رضا سحر ، ذیشان زیشی و جملہ اراکینِ بزمِ قلم کی طرف سے مقامی ہوٹل میں دو قدم دور ” کے شاعر شہظل خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور تمام مہمانوں کے اعزاز میں شاندار اور پر تکلف عشائیہ دیا گیا