رائےونڈ : افضل ویلفیئر آرگنائزیشن (رائےونڈ یونٹ) کا اہم اجلاس
لاہور/رائےونڈ ( شمشادعلی بھٹی سے ) افضل ویلفیئر آرگنائزیشن ( رائےونڈ یونٹ) کی مرکزی ٹیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ممبرشپ پالیسی ، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور فلاحی منصوبہ جات پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یونٹ رائے ونڈ کے لیے 60 آرگنائزرز نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ابتدائی مرحلے میں آج 20 دیہاتوں (علاقہ جات ) کے آرگنائزرز کو باقاعدہ طور پر مقرر کر نے کی منظوری دی گئی ۔ باقی علاقوں کے آرگنائزرز کو آئندہ دو دنوں میں نامزد کر کے ذمہ داریاں تفویض کر دی جائیں گی ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام آرگنائزرز کی تربیت اور رہنمائی کے لیے ساجد بھائی اور عامر بھائی کو فوکل لیڈرز مقرر کیا گیا ہے۔ فلاحی منصوبہ جات کے تحت میڈیکل کیمپ ، یتیم و بیواؤں کی فہرست سازی ، فری ٹریننگ پروگرامز ، صفائی ستھرائی کے کام جیسے اقدامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ۔ سوشل میڈیا کے تمام فورمز پر تنظیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کئے گئے ، جبکہ تمام یونٹس کو ہفتہ وار کارکردگی رپورٹنگ کرنےکا پابند بنایا گیا ۔ اجلاس کا اختتام دعا اور اخلاص نیت سے خدمتِ خلق کے عزم کے ساتھ ہوا ۔