علاقائی خبریں

وزیر بلدیات اچانک قصور پہنچ گئے، شہر اور دیہات میں صفائی کا جائزہ

لاہور (آئی این پی) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ضلع قصور کے متعدد شہری اور دیہی علاقوں کا اچانک دورہ کر کے ستھرا پنجاب کے آپریشن کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر علی عمران، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین، مقامی ایم پی اے احمد سعید خان اور نعیم صفدر انصاری بھی ان کے ساتھ تھے۔ صوبائی وزیر نے پہلے مرحلے میں قصور شہر کی گلیوں اور بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور صفائی کی مجموعی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت کی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نواحی علاقے گنڈا سنگھ روڈ پر گئے جہاں انہوں نے ٹرک اڈے کے پاس گندگی کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری صفائی اور ذمہ داران کو جرمانے کرنے کی ہدایت کی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اگر پورا شہر صاف ہے تو ایک دو جگہ پر گندگی کی موجودگی سے سارا امیج خراب ہوتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مصطفی آباد، کھڈیاں شہر اور دیپالپور روڈ کے متعدد دیہات کا جائزہ لیا۔ وہ ایم پی اے ملک احمد سعید خان اور نعیم صفدر انصاری کے ساتھ ان کے انتخابی حلقوں میں واقع دیہات میں بھی گئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات پر شہروں کے برابر توجہ دینا ستھرا پنجاب پروگرام کا حصہ ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے سختی کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ ہر گاﺅن کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ ویسٹ انکلوڑرز اور کنٹینرز کی باقاعدگی سے مرمت کنٹریکٹرز کی ذمہ داری ہے۔ وزیر بلدیات چند مقامات پر جانوروں کے فضلے کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دیہات کی گلیوں میں مویشی باندھنے پر صفائی کے اہداف پورے نہیں ہوتے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ دیہاتی مکینوں میں اگاہی کا اہتمام کرے۔ اس سلسلے میں محکمہ مال کے عملے سے بھی دیہات کی رپورٹ حاصل کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گھروں کے پاس کنٹینرز رکھنے پر شہریوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے میں نے کولیکشن پوائنٹ اپنے آبائی گھر کے پاس بنوایا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف میں سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ارکان اسمبلی حکومت کے آنکھ اور کان ہیں، ان کی شکایات پر ایکشن ہوگا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی کے مثالی گاﺅں پروگرام سے دیہات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او کو دیہات میں حکمت عملی مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ کے باقاعدگی کے ساتھ دورے کئے جائیں۔ دریں اثنا صوبائی وزیر کو ڈپٹی کمشنر افس میں بریفنگ دی گئی جس میں ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ مجھے اچانک دورے میں قصور شہر میں کسی جگہ کوڑا نظر نہیں آیا تاہم دیہی علاقوں میں جانوروں کے فضلے کے مسائل نظر آئے۔ انشااللہ قصور کے دیہات میں اگلے ہفتے سے کلیئرنس آپریشن کا آغاز کریں گے۔ ریونیو سٹاف کو بھی مانیٹرنگ کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دکاندار دکونوں کا گند سڑکوں پر نہ پھینکیں ورنہ جرمانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹل پروگرام ہے۔ اس لئے کوئی سرگرمی چھپائی نہیں جا سکتی۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ کی ری سائیکلنگ سے اگلے مرحلے میں انرجی پیدا کی جائے گی۔ لاہور کے بعد ہر تحصیل تک اس پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور علی عمران نے کہا کہ دیہات میں صفائی کی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی۔ دیہی علاقوں میں افرادی قوت اور مشینری کی کمی کو دور کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button