عمران خان اس ملک و قوم کے حقوق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں:جاوید عمر
لاہور( آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے حوصلے جھوٹے کیسز اور ریاستی جبر سے نہیں ٹوٹیں گے،پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ،5اگست کی تحریک عوام کے حقوق اور آئینی بالادستی کے لیے فیصلہ کن مرحلہ ہوگی۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے سابق وزیراعظم اور اس قوم کے عظیم لیڈر عمران خان کو دو سال سے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں قید رکھا گیا ہے، جہاں انہیں نہ صرف قانونی بلکہ انسانی اور اخلاقی حقوق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔خفیہ ٹرائلز، اہلخانہ، وکلاءاور ڈاکٹروں سے ملاقات کی بندش غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ۔ عمران خان کو ایک ایسے ماحول میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی جسمانی اور ذہنی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ یہ سب کچھ سیاسی انتقام اور دباﺅ کے تحت ہو رہا ہے تاکہ عمران خان کو جھکایا جا سکے لیکن عمران خان اس ملک و قوم کے حقوق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں۔رانا جاوید عمر نے کہا کہ جیل میں سہولیات کی بندش، روزانہ 22گھنٹے قید تنہائی اور ڈاکٹروں تک رسائی نہ دینا کھلی ریاستی زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے حالیہ فیصلے، جن میں پی ٹی آئی قیادت کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں، یہ انصاف کے منہ پر طمانچہ ہیں یہ تمام فیصلے 5اگست کی تحریک کو دبانے کی کوشش ہیں مگر ہم ان ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کارکنوں کے حوصلے جھوٹے کیسز اور ریاستی جبر سے نہیں ٹوٹیں گے۔