فتنہ پارٹی فساد کی پلاننگ میں مصروف ہے ‘عظمیٰ بخاری
لاہور (آئی این پی) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 14اگست کو قوم آزادی کا جشن منائے گی، فتنہ پارٹی فساد کی پلاننگ کر رہی ہے، قیدی نمبر 420کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ پارٹی کو کبھی حب الوطنی کا مظاہرہ کر دینا چاہئے، اگر ان میں ذرا سی بھی پاکستانیت اور انسانیت باقی ہے تو وہ 14اگست کے احتجاج سے باز آ جائیں، قومی دن پر احتجاج کسی محب وطن کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، بہتر یہی ہے کہ پی ٹی آئی 14اگست کا احتجاج ملتوی کرے، پنجاب میں 5اگست کو بھی کوئی احتجاجی سرگرمی کامیاب نہیں ہوئی اور اب بھی کوئی نہیں نکلے گا، پنجاب بانی پی ٹی آئی کی جلاﺅ گھیراﺅ اور مار دھاڑ کی سیاست کو مسترد کر چکا ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام بھی اس منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ 2014ءکے دھرنوں کی پیداوار جماعت نے احتجاج اور دھرنے کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے، اس جماعت کے نزدیک نہ کوئی قومی دن اہم ہے اور نہ مذہبی تہوار، قیدی نمبر 420کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے، 14 اگست کو کسی فسادی ٹولے کو عوام کی خوشیاں خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔