چہ مگوئیاں بے مقصد ، حکومت کا رخ درست سمت میں ہے‘ ملک احمد خان
لاہور (آئی این پی) قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بارے میں چہ مگوئیاں بے مقصد ہیں، حکومت کا رخ درست سمت میں ہے،خواجہ آصف میرے بہت محترم ہیں، انہوں نے کوئی بات کی ہے تو اس میں بڑی وجہ ہو گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد کی کوئی قومیت نہیں ہوتی، نان سٹیٹ ایکٹرز کسی نہ کسی ایجنسی کے لئے کام کرتے ہیں، بھارت نے مہم جوئی کی اور اس کے دانت کھٹے ہوئے، پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر سامنے آیا، ہم نے افواج، شہریوں کی قربانیاں دی ہیں، ہم نے بلوچستان میں دہشت گردوں کو پکڑا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام ثبوت پیش کئے، ہندوستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ 14اگست آزادی کا دن ہے، ہم 14اگست کو عہد تجدید وفا کرتے ہیں، اس دن پر ہمیشہ جھنڈے لگائے، جھنڈیاں لگائیں، کوئی سیاسی جماعت 14اگست پر احتجاج کیسے کر سکتی ہے، جامعات کو سوال اٹھانا چاہئے کہ 14اگست کی تکریم بحال رکھی جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے بارے میں چہ مگوئیاں بے مقصد ہیں، حکومت کا رخ درست سمت میں ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، 2018ءسے 2021ءتک معیشت بہت خراب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف میرے بہت محترم ہیں، جب مجھے وفاقی کابینہ میں ساتھ لیا تو میں نے کہا مجھے خواجہ آصف کے ساتھ رہنے دیں، خواجہ آصف نے کوئی بات کی تو اس میں بڑی وجہ ہو گی، تمام سرکاری ملازم، ڈاکٹرز، میڈیا کے لوگ برے نہیں ہو سکتے۔