زیادہ ضرورت ایمان کی حفاظت اور حیاءکے فروغ کی ہے‘ حافظ محمد ابراہیم نقشبندی
لاہور(آئی این پی) معروف روحانی و اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے جامع مسجد دار الشفاءشاد مان لاہور میںخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان اور حیاءلازم و ملزوم ہیں،دینِ اسلام نے اپنے ماننے والوں کو پاکیزگی، شرافت اور باحیاہونے کی تعلیم دی ہے یہی وجہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایاحیاءایمان کا حصہ ہے، حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج نوجوان فحاشی اور عریانی کے جال میں پھنس رہے ہیں انٹرنیٹ، موبائل اور دیگر ذرائع ابلاغ نے بے حیائی کو عام کر دیا ہے جس سے نئی نسل کا کردار بری طرح متاثر ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کی تربیت میں حیاءکے پہلو کو خاص طور پر مدنظر رکھیں اور انہیں اسلامی ماحول فراہم کریں تاکہ وہ ایمان اور حیاءدونوں کے ساتھ پروان چڑھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نوجوان اپنی جوانی کو ایمان اور حیاءکے ساتھ گزاریں گے تو وہ دین کے حقیقی خادم اور معاشرے کے بہترین فرد ثابت ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان خصوصاً نوجوان طبقے پر یہ ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنی آنکھ، زبان اور کردار کی حفاظت کرے۔ انہوں نے کہا کہ بے حیائی صرف لباس یا ظاہری انداز کا نام نہیں، بلکہ نظریں جھکانے، گفتگو شائستہ رکھنے، تعلقات کو حدود میں رکھنے اور دل کو گناہوں سے بچانے کا نام بھی حیاءہے، حیاءانسان کو عزت، وقار اور سکون عطا کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو سب سے زیادہ ضرورت ایمان کی حفاظت اور حیاءکے فروغ کی ہے، اگر ہمارے گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرے میں حیاءکا ماحول بن جائے تو بے شمار برائیاں خود بخود ختم ہو جائیں گی۔