گوجرانوالہ : اساتذہ کو فری تربیت دینے کیلئے سیشن کا انعقاد
گوجرانوالہ (رانا عبد الغفار خاں )پنجاب کالجز گوجرانوالہ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے نئے قومی نصاب کو موثر انداز سے پڑھانے کے لیے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو فری تربیت دینے کیلئے ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پرائیویٹ اور سرکاری اداروں کے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی اور پنجاب گروپ آف کالجز کے سینئر اساتذہ اور ماسٹر ٹرینر ز سے الگ الگ مضامین میں تفصیلی ٹریننگ حاصل کی اور استفادہ حاصل کیا۔ افتتاحی سیشن سے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق ،پروفیسر قاضی اذفر ، پروفیسر راشد حفیظ ، پروفیسر عرفان انور اور پروفیسر محمد سرفراز حسن نے خطاب کیا۔محمد شہزاد رفیق نے کہا آنے والی نسل کی آبیاری کے لیےصرف پنجاب کالج نہیں بلکہ تمام اداروں نے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے اسی حوالے سے پنجاب کالج نے تمام اساتذہ کی ٹرینگ کے لیے انتظامات کیے ہیں تاکہ نۓ سلیبس اور اسکے تقاضےھم سب پورے کر سکیں اور اس قوم کے تمام طالب علم خواہ وہ کسی بھی ادارے میں ہوں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔ اس موقع پرنسپل پنجاب کالجز محمد سلمان ، رئیس احمد چٹھہ اور دیگر اساتذہ کے علاوہ گوجرانوالہ بھر سے تعلق رکھنے والےنجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ موجود تھے ۔ سیشن کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں جنرل کریکولم بریفنگ اور مضامین وائز ٹریننگ شامل تھی ۔ یہ ٹریننگ اساتذہ کو نئے نصاب سے متعارف کروانے اوراس کے لیے تیار کرنے کا بہت بڑا اقدام ہے۔ جس پر اساتذہ نے اس کو بے حد سراہا۔ اساتذہ نے کہا کہ پنجاب کالج نے اساتذہ میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے بہترین کاوش کی ہے۔ جس سے اساتذہ کو نئی جہت ملنے کے ساتھ ساتھ علم اور حوصلے میں بھی اضافہ ہوگا۔ اور اساتذہ کے تدریسی معیار میں بہتری آئے گی۔ جنرل سیشن اور مضامین وائز ٹریننگ میں مرد اور خواتین اساتذہ نے بھر پور دلچسپی کا اظہار کیا ۔ افتتاحی سیشن میں پروفیسر راشد حفیظ ، پروفیسر قاضی اذفر ، پروفیسر عرفان انور اور پروفیسر سرفراز حسن نے نئے نصاب پرتفصیلی روشنی ڈالی اور تمام امور سے متعلق اساتذہ کو آگاہ کیا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ پنجاب کالجز نے نئے قومی نصاب کے حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ کا انعقاد کر کے نہ صرف اساتذہ کے علم کی آبیاری کی ہے بلکہ ایک قومی فریضہ بھی سر انجام دیا ہے۔ جو کہ قابل تحسین اقدام ہے۔