پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،3ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف
لاہور(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کر کے 3ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر رات گئے نوحی علاقے کوٹ کنول خان میں گرینڈ آپریشن کے دوران جعلسازی میں استعمال ہونے والی تمام تر مشینری، چلر سپلائر گاڑی ضبط کر لی گئی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، دودھ میں پانی، پاوڈر، ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کی کمی پائی گئی، سپلائر گاڑی میں لاہور سپلائی کے لیے تیار دودھ برآمد کیا گیا، رہائشی علاقے میں چھپ کر جعلی دودھ تیار کرنے کا مکروہ دھندہ کیا جارہا تھا۔ عاصم جاوید نے کہا کہ جعلساز مافیا کا ہر ہتھکنڈا ناکام بنا کر پنجاب کو ملاوٹ سے پاک کرنے کے مشن پر ہیں ،نیوٹریشن آگاہی کیمپس میں صحت کے حوالے آگاہی اور ڈائٹ پلان لے سکتے ہیں، دودھ کے نام پر جعلی سفید محلول تیار اور فروخت کرنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔