علاقائی خبریں

آستانہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ گلستان سرہند شریف میں عرس مبارک کی پر وقار تقریبات کا انعقاد

شیخوپورہ( ڈاکٹر محمدعمران مجددی سے) آستانہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ گلستان سرہند شریف میں سالانہ عظیم الشان عرسِ مبارک و ختمِ نبوت ﷺ کی روح پرور محفل نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ملک بھر سے علمائے کرام، مشائخِ عظام، قراء، نعت خواں حضرات اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت پیر سید محمد قیوم حسین شاہ بخاری نقشبندی مجددی سرہندی نے کی، جبکہ محفل کی نظامت و قیادت علامہ حافظ پیر سید محمد طیب معصوم مجددی سرہندی اور پیر سید فیضان المجتبی بخاری مجددی سرہندی نے انجام دی۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پیر سید محمد طیب معصوم مجددی سرہندی نے فرمایا کہ عظمتِ مصطفی ﷺ ایمان کی اساس اور ختمِ نبوت ﷺ عقیدے کا مرکزی ستون ہے، جو تا قیامت برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کائنات کے لیے سراپا رحمت ہے، اور ان کی ختمِ نبوت پر کامل ایمان ہر مسلمان کے ایمان کا جزوِ لازم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ کے مریدین عشقِ رسول ﷺ اور تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ کو اپنی زندگی کا مقصد سمجھتے ہیں۔
اس روحانی اجتماع میں ممتاز قراء حضرات نے دلوں کو منور کرنے والی تلاوتِ قرآنِ کریم پیش کی، جبکہ معروف نعت خواں حضرات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں سلسلہ مجددیہ کی دینی خدمات اور امامِ ربانی مجددِ الفِ ثانیؒ کے احیائے دین میں تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔
محفل کے اختتام پر اجتماعی دعا میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی ترقی و خوشحالی، اور عالمِ اسلام میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعد ازاں، لنگرِ مجددیہ سے ہزاروں عقیدت مندوں کی پرتکلف تواضع کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button