فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، پانچ کولیکشن سنٹرز پر جرمانے اور مقدمہ درج
پنڈی بھٹیاں (تحصیل رپورٹر) — پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پنڈی بھٹیاں میں جعلی دودھ اور ناقص خوراکی اجزاء کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ کارروائی کے دوران پانچ کولیکشن سنٹرز کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 25 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ایک کولیکشن سنٹر کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق، کارروائی کے دوران ملک کولیکشن سنٹر سےملک پاؤڈر اور بناسپتی گھی** برآمد ہوا، جسے دودھ میں ملا کر فروخت کیا جا رہا تھا۔ جعلی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والے ان اجزاء کے باعث موقع پر ہی مقدمہ درج کروایا گیا۔مزید بتایا گیا کہ مختلف کولیکشن سنٹرز اور ڈیری یونٹس سے لیے گئے دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بہتات بھی پائی گئی، جس پر متعلقہ یونٹس کو وارننگ نوٹس جاری کر دیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور خالص خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔