غیرقانونی مقیم افغانوں کی وطن واپسی کا عمل تیز کرنے کا حکم
لاہور(کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلاء سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے ڈویژنل ایس پیز کوہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی گرفتاریوں کیلئے ریڈز کو خود لیڈ کریں اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ پولیس افسران تجارتی مراکزکی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تا کہ غیر ملکی افغان باشندوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو کرایہ پر مکان یا دکان دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی شہریوں میں آگاہی کیلئے مساجد کے پلیٹ فارم کاموثر استعمال کیا جائے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پرکارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے پولیس افسران کو امن کمیٹیوں سے موثر کوارڈینیشن رکھنے اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر پرفوری ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی۔ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے اہم مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور، ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب اورڈویعنل ایس پیزنے شرکت کی۔