انڈر 17 اور انڈر 19 سندھ ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد،
ٹنڈوجام (محمدشریف) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی اورپاکستان آرمی اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے اشتراک سے انڈر 17 اور انڈر 19 سندھ ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد یونیورسٹی کے میر قائم علی خان ٹالپر اسپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا، جس میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہداد بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بچوں نے بھرپور شرکت کی۔سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انوار خانزادہ نے بتایا کہ سندھ بھر میں پہلے ڈویژن سطح پر مقابلے کرائے گئے، جس کے بعد کامیاب کھلاڑیوں کے درمیان سندھ چیمپئن شپ منعقد کی گئی۔چیمپئن شپ کے نتائج کے مطابق انڈر 17 مقابلوں میں 30 کلوگرام میں تحسین قاسمی، 35 کلوگرام میں محمد عثمان (حیدرآباد)، 40 کلوگرام میں عبداللہ (حیدرآباد)، 45 کلوگرام میں فرحان (لاڑکانہ) اور 50 کلوگرام میں نصیر اللہ (لاڑکانہ) نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔انڈر 19 مقابلوں میں 57 کلوگرام میں محمد جواد (کراچی)، 61 کلوگرام میں فہیم خان (کراچی)، 65 کلوگرام میں ذوالفقار (کراچی)، 70 کلوگرام میں عبداللہ (حیدرآباد)، 75 کلوگرام میں مہتشم (حیدرآباد)، 79 کلوگرام میں سید احمد (کراچی)، 86 کلوگرام میں ماشاء اللہ (حیدرآباد) جبکہ 125 کلوگرام میں علی ڈنو (لاڑکانہ) نے کامیابی حاصل کی۔کامیاب ریسلرز نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں سندھ کی نمائندگی کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے پاکستان آرمی کو کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف صوبے بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔ ڈاکٹر الطاف علی سیال نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کھیلوں کے انعقاد اور سندھ میں اسپورٹس کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔اس موقع پر نیشنل ریفری زین بٹ، عبداللہ (نمائندہ پاکستان آرمی)، سیکریٹری اقبال، محمد حسن، رفیق پہلوان، شاکر پہلوان، مراد پہلوان، حبیب پہلوان، آصف پہلوان، شوکت سانگی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔