ہر بچہ سیاسی حمایت کے لیے پرعزم ہے:ڈاکٹر آصف طفیل
ساہیوال (وحید انصاری ) آزادی پسند کشمیری بھارتی استبداد کے خلاف ہزاروں جانوں کی قربانی دے کر حق خود ارادیت کے حصول کی جو جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ اس کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیں جو ان کا حق ہے اور انہیں بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلانے میں اپنا اخلاقی فرض ادا کریں۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دو روزہ تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں نہتے کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی افواج کے روزانہ روا رکھے جانے والے ظلم کی عکاسی کی گئی ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیاس اکبر سگھلہ سمیت شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان اعزاز نیویارک کی معروف سماجی شخصیت چوہدری محمد نعیم تھے جنہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کا مطالعہ کریں کہ کیسے غیور قومیں اپنی آزادی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہیں اور تاکہ وہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے لگائی گئی تصویروں میں گہری دلچسپی لی اور اسے نئی نسل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی فراہم کرنے کی ایک اہم کاوش قرار دیا۔ اس موقع پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ تصویری نمائش کے دوران ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے طلبہ و طالبات کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی کے لیے ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔