چار ماہ سے پنشنیں نہ ملنے کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج
ٹنڈوجام(محمدشریف) ٹنڈوجام بلدیہ کے ریٹائرڈ ملازمین کا گزشتہ چار ماہ سے پنشنیں نہ ملنے کے خلاف دوسرے روز بھی پریس کلب ٹنڈوجام پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور میئر حیدرآباد کے خلاف کے شدید نعرے بازی کی گئی مظاہرین میں آچر کاتیار، واحد بخش بھرگڑی، عنایت میمن، علی ڈنو خاصخیلی اور دیگر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنا کسی جواز کے گزشتہ چار ماہ سے ہماری پنشنیں بند کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کے حصول کے لیے وہ گزشتہ چار ماہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں میئر حیدرآباد کاشف شورو نے پنشنوں کی بندش کے معاملے پر ٹاؤن میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام کے متعلقہ افسران سے رابطہ کرنے کا کہہ کر خود کو ذمہ داری سے الگ کر رہے ہیں چار ماہ سے پنشن نہ ملنے کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کا عالم ہے انہوں نے مزید کہا کہ بابرکت ماہ رمضان شریف میں ان کے بچے بھوک برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث کئی ریٹائرڈ بزرگ ملازمین اپنا علاج بھی نہیں کرا پا رہے اور مالی تنگی کے سبب بیماری کی حالت میں گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ان کا مسئلہ حل کیا جائے دیگر صورت میں احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا