منشیات سرپرستی پر بڑا کریک ڈاؤن، 75 اہلکاروں کو شوکاز، 38 معطل
کراچی (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) ڈی آئی جی پولیس میرپورخاص رینج کیپٹن (ر)فیصل عبداللہ چاچڑ نے منشیات فروشوں کی سرپرستی اور ناقص کارکردگی پر پولیس اہلکاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی میرپورخاص نے تین ماہ قبل چارج سنبھالنے کے بعد رینج کے تینوں اضلاع کے دورے کیے اور اجلاس منعقد کیے، جن میں تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے، منشیات کے خلاف سخت کارروائی اور سہولت کاری ختم کرنے کے واضح احکامات دیے گئے تھے۔کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 75 افسران و اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں 2 ڈی ایس پیز، 28 ایس ایچ اوز، 23 انسپکٹرز، 7 سب انسپکٹرز، 3 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 5 ہیڈ کانسٹیبلز اور 37 کانسٹیبلز شامل ہیں۔مزید برآں منشیات فروشوں کی سرپرستی کے الزامات پر 38 افسران اور جوانوں کو معطل کر دیا گیا ہے، جن میں ایک سب انسپکٹر، 2 اے ایس آئیز، 7 ہیڈ کانسٹیبلز اور 28 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ڈی آئی جی میرپورخاص نے کہا ہے کہ محکمہ کے اندر موجود کالی بھیڑوں کا خاتمہ، بدعنوانی کے خلاف کارروائی اور عوام کا اعتماد بحال کرنا اولین ترجیح ہے۔