کرائمز

جمعیت علماء اسلام کاسندھ میں ڈاکو راج کے خلاف احتجاج کا اعلان

جیکب آباد (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) جمعیت علماء اسلام نے سندھ میں ڈاکو راج، بڑھتی ہوئی بدامنی، قبائلی جھگڑوں اور حکومتی نااہلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے جے یو آئی سندھ کے صوبائی ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے پریس کلب جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج ایک خطرناک صورت اختیار کرچکا ہے معصوم شہریوں اور بچوں کو اغوا کرکے ان پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنا معمول بن چکا ہے جبکہ ریاستی ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں پریس کانفرنس میں جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے جنرل سیکریٹری مولانا سلیم اللہ بروہی، مفتی عبدالشکور کھوسو، عبدالقادر چنہ، حاجی نذیر احمد مینگل، مولانا تاج محمد چنہ، انجینئر حماد اللہ انصاری، مولانا نصراللہ گھنیو، میر حسن برڑو، مولانا سراج احمد ڈول اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ صوبائی ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو سازش کے تحت قبائلی دہشت گردی اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے حکمرانوں کی بے حسی کے باعث پکے کے بااثر افراد کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار بن چکے ہیں اور جاگیردارانہ سیاسی گروہ انہیں پناہ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں اسٹریٹ کرائم جبکہ لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں اغوا، ڈکیتی اور جرائم کی وارداتوں نے عوام کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے، نئے جرائم کے رجحانات میں موبائل فون کے ذریعے بھتہ طلب کرنا، فصلوں کو آگ لگانا، فائرنگ اور قتل کی دھمکیاں دینا روز کا معمول بنتا جارہا ہے جے یو آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ پولیس کو مکمل اختیارات دئیے جائیں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ فراہم کیا جائے، ڈاکوؤں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کیا جائے جن علاقوں میں جرائم ہوتے ہیں وہاں کے ملوث سرداروں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے اعلان کردہ لائحہ عمل کے تحت 30 جون کو سکھر میں بدامنی اور قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے قبائلی سرداروں کا جرگہ طلب کیا گیا ہے جیکب آباد سمیت دیگر اضلاع میں امن کے لیے آل پارٹیز کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، 17جولائی کو امن و امان میں حکومتی ناکامی کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ میں امن، انصاف اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر کھڑی ہے اور ڈاکو راج کے خلاف عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button