صوبائی دارالحکومت میں 18156 مقدمات درج ، 17796 ملزمان گرفتار
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پرلاہور سمیت ہر ضلع میں پولیس ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سال رواں کے ابتدائی 07 ماہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 61 ہزار 583 مقدمات درج، کئے گئے اور بجلی چوری میں ملوث 32 ہزار 733 ملزمان کوگرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔ بجلی چوری کے 37 ہزار 629 سے زائد مقدمات کے چالان مکمل کئے گئے، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 5055 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 18156 مقدمات درج کرتے ہوئے 17796 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف سخت قانونی کاروائی جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی اور بجلی چوروں کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔