امریکی قونصل جنرل کی سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات
لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق، سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز اور امریکی سفارتخانے کے نمائندگان ہان نی، اسمئی اور نکل لکھن پال نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جبکہ اس اہم ملاقات میں سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ اور ڈپٹی سیکرٹری انسانی حقوق رضوانہ نوید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی، تعلیم، مذہبی سیاحت اور ڈیجیٹل ترقی کے مختلف پہلوو¿ں پر باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی وڑنری قیادت میں حکومت پنجاب کی جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور جامع و باہم مربوط طرز حکمرانی پر زور دیا۔صوبائی وزیر نے وفد کو حکومت پنجاب کی اقلیت دوست پالیسیوں کے بارے میں بتایا جن میں ملازمتوں میں کوٹہ، تعلیمی وظائف، اور عبادت گاہوں کی مرمت کے لیے گرانٹس شامل ہیں۔انہوں نے پنجاب کی مذہبی و ثقافتی تنوع کو مذہبی سیاحت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا اور مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر برادریوں کے مقدس مقامات کے تحفظ و ترویج کے لیے بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کیا۔ڈیجیٹل تعلیم کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، بالخصوص پسماندہ علاقوں میں اقلیتی نوجوانوں کے لیے ای لرننگ پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل خواندگی کے پروگرامز کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے اقلیتوں کے تحفظ اور صوبے میں برداشت و ہم آہنگی کی فضا قائم رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہا۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان میں جمہوری اداروں، سول سوسائٹی، اور ترقیاتی منصوبوں کی مضبوطی کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں بالخصوص امریکہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مستقبل میں صلاحیت سازی، ثقافتی تبادلے اور اقلیتوں کی ترقی سے متعلق مشترکہ منصوبوں میں تعاون کی امید ظاہر کی جبکہ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پنجاب کی تمام برادریوں کی بہتری کے لیے مسلسل رابطے اور اشتراک عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔