آلٹو کار الٹنے سے خاتون جاں بحق، 2 افراد زخمی
ملتان (اظہر تاج قریشی) موٹروے M4 پر افسوسناک حادثہ، آلٹو کار الٹنے سے خاتون جاں بحق، 2 افراد زخمی ہوگئے،جاں بحق و زخمیوں کو ریسکیو نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔ حادثہ شجاع آباد موٹر وے ایم فور شیرشاہ انٹرچینج کے نزدیک پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق شیر شاہ انٹرچینج M4 موٹروے پر ایک افسوسناک حادثے میں آلٹو کار ٹائر برسٹ ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خان پور کے معروف سینئر صحافی اور سابق صدر پریس کلب خان پور ریاض بلوچ زخمی جبکہ ان کی اہلیہ بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ حادثے میں ان کا 17 سالہ بیٹا حسیب ریاض بلوچ بھی زخمی ہوا موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ اچانک کار کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔ موٹروے ایمبولنس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں جاں بحق خاتون کی میت اور زخمی افراد کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 46 سالہ فوزیہ بی بی زوجہ ریاض بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ احمد فراز بلوچ ایڈووکیٹ اور حسیب ریاض بلوچ کی والدہ تھیں مرحومہ کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز شام ساڑھے پانچ بجے جامعہ مخزن العلوم، عیدگاہ خان پور میں ادا کی گئی، جس میں صحافی برادری، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی شہر بھر میں اس اندوہناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ صحافتی حلقوں نے ریاض بلوچ اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔