علاقائی خبریں

گوجرانوالہ : تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کے اہم اجلاس کا انعقاد

گوجرانوالہ(آئی این پی )امتحانات سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ اور انٹرمیڈیٹ (فرسٹ اینول)2025ء کے بہترین انعقاد کے سلسلہ میں سید نوید حیدر شیرازی، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/ چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کی سربراہی میں تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ میں یکم فروری 2025ء کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر (کالجز)گوجرانوالہ ڈویژن اور چھ اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز(ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی)،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز /ضلعی فوکل پرسنزامتحانات نے شمولیت کی۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد نعیم بٹ نے عنقریب شروع ہونے والے مذکورہ امتحانات کے انتظامات کے حوالہ سے شرکاء کو بریفنگ دی۔سیر حاصل گفتگوکے بعد کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نے جملہ شرکاء کو ہدایات جاری کیں کہ امتحانات کے صاف اور شفاف انعقاد کیلئے اچھی شہرت کے حامل اساتذہ اکرام کے نام تجویز کرکے بورڈ کو مہیا کریں اور وہ معزز اساتذہ اکرام جنہیں امتحانی ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں انہیں امتحانی ڈیوٹی جائن کروانا متعلقہ ضلع کی ایجوکیشن اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نے جملہ ڈویژنل/ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو واضح پیغام دیا کہ بغیر کسی عذر ڈیوٹی جائن نہ کرنے کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر کالجزگوجرانوالہ ڈویژن اورتمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور چیف ایگزیکٹوآفیسرزامتحانات کے انعقاد کو کامیاب کروانے اور بورڈ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے حوالے سے تمام سربراہان ادارہ جات کو تحریری طور پر ہدایات جاری کریں۔مزید یہ کہ جن ادارہ جات میں امتحانی ہال موجود ہیں وہ سربراہان ادارہ جات ہرصورت امتحانی سنٹر کیلئے ہال مہیا کریں۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مزید کہا کہ امتحانی نظام میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ غفلت برتنے کی صورت میں پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹیز اس امر کو یقینی بنائیں کہ جن سکولز/ کالجز میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ان کے سربراہان خود ریذیڈنٹ انسپکٹرزکی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔البتہ اگر ان میں سے کسی سربراہ ادارہ کا کوئی حقیقی رشتہ دارمذکورہ امتحانات میں شامل ہو رہا ہے تو وہ اپنی جگہ اپنے کسی سینئراستاد محترم کو ریذیڈنٹ انسپکٹر کی ڈیوٹی سونپ سکتا ہے البتہ ایسی صورت میں سربراہ ادارہ اپنے ضلع کی ایجوکیشن اتھارٹی کے ذریعہ کنٹرولرامتحانات کومطلع کرنے کا پابند ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کا صاف اور شفاف انعقاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور بوٹی مافیا کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر سیکرٹری بورڈ، پروفیسر گوہرالطاف و دیگر بورڈ آفیسرز/آفیشلزبھی اُن کے ہمراہ تھے۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن /چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے بورڈ ہذا میں زیر تعمیر امتحانی ہال کی تعمیر کا جائزہ لیا اور ٹھیکیدار اوربلڈنگ انجینئر کو کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button