فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں کریں : سید وسیم حسن
لودھراں (محمد اعجاز انصاری) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والے تمام عوامل کا سدباب کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر میں محکمہ زراعت کے افسران کی ماحولیاتی آلودگی اورسموگ کا باعث بننے والے عناصر کے تدارک کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اے ڈی سی آر سید وسیم حسن نے کہا کہ انسداد سموگ کے لیے تمام محکمے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کوممکنہ سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلع بھر میں انسدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سموگ سے بچاؤکے حوالہ سے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے احسن انداز سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے سموگ کا باعث بننے والے عناصر اور عوامل بارے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور دیہی علاقوں میں عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے مساجد میں بھی اعلانات کروائے گئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد ظفر ملک نے بریفننگ میں بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے پنجاب ماحولیاتی تحفظ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 951 افراد کو انتباہی نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے 15 سپاٹس کی نشاندھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو 3 لاکھ 67 ہزار جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ 2 ایف آئی آر کا اندراج بھی کروایا گیا ہے ۔