ایک ماہ میں 1344گاڑیاں بند، 2394کو بھاری جرمانے
لاہور(نیوز رپورٹر)سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ احمد جاوید قاضی اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر عمل درآمد کیلئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی رانا محسن اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ ونگ کی مشترکہ کاروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق آر ٹی اے لاہور اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ ونگ نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں فضا کو آلودہ کرنے پر 1344 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا اور 2ہزار3سو 94 گاڑیوں کو بھاری جرمانے کے چالان ٹکٹ جاری کئے۔ سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کو لاہور کے شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی بالکل بھی رعایت نہیں دی جا رہی۔ 2 گاڑیوں کے خلاف مقدمات اور 2 ڈرائیوروں کو حوالات میں بند بھی کیا گیا ہے۔ سموگی وہیکلز کو گزشتہ ماہ اکتوبر میں 1 کروڑ روپے سے زائد جرمانے بھی کئے جا چکے ہیں۔ تکنیکی معیار پر پورا اترنے پر 5 ہزار گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جاری کئے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ شہری سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں اور عوامل کی نشاندہی کریں۔شہری اپنی رائے اور نشاندھی پنجاب حکومت کی گرین پنجاب ایپ اور 1373 پر کال کر کے دے سکتے ہیں۔