ریحان گارڈن فیز 2 کے رہائشی بنیادی سہولیات نہ ملنے پر سراپا احتجاج
لاہور /کاہنہ (وسیم اقبال) ریحان گارڈن فیز 2 فیروز پور پر واقع ایک پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی ہے جس میں متوسط طبقے کی تقریباً 400 کے قریب فیملیز رہائش پذیر ہیں۔ سوسائٹی کے رہائشی بجلی کے انتہائی زیادہ بلوں اور بجلی کے ناقص نظام کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ ریحان گارڈن فیز 2 نہ ہی ایل سے اے سے منظور شدہ سکیم ہے اور نہ ہی یہاں کے رہائشیوں کو کسی قسم کے مالکانہ حقوق حاصل ہیں۔ سوسائٹی میں بجلی، پانی، گیس اور دیگر سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ علاؤہ ازیں نہ ہی انکو سوسائٹی میں کوئی سکول ، قبرستان یا کمیونٹی سنٹر کی سہولت میسر ہے۔ سوسائٹی کے رہائشیوں کو واپڈا کی بجلی بھی بلا واسطہ دی جا رہی ہے وہ بھی 80-75 روپیہ فی یونٹ کے انتہائی ظالمانہ ریٹ پر۔ جب ان سہولیات کے نہ ہونے کے بارے میں سوسائٹی مالکان سے بات کی گئی تو انہوں نے ایل ڈے اے کو اس کا زمہ دار ٹھہرایا کہ جو انکی سوسائٹی منظوری کی جمع شدہ درخواست پر کچھ نہیں کر رہا۔ اس تمام تر معاملے میں۔ سوسائٹی کے مجبور رہائشی پس رہے ہیں جو کہ ان تمام مسائل کے ساتھ مشکل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ریحان گارڈن فیز 2 کے رہائشیوں نے وزیراعلی پنجاب سے ان کے مسائل بالخصوص بجلی کا مسئلہ حل کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔