پروموشن بورڈ کا اجلاس، سپیشل برانچ کے 73 ملازمین کی ترقی
لاہور(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت رواں سال کا آخری پروموشن بورڈ سپیشل برانچ میں منعقد ہوا جس میں سپیشل برانچ کے 73 ملازمین کو اگلے رینک میں پروموشن دے دی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پروموشن بورڈ کے اجلاس میں سپیشل برانچ کے 76 ملازمین کے کیسز اگلے عہدوں پر ترقی کے لئے زیر غور آئے۔پروموشن حاصل کرنے والوں میں گریڈ 01 سے 16 تک کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ ایسپلوزو ڈیٹیکشن سیکشن، سرویلنس سیکشن، کینین سیکشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکشن کے افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی ٹیکنیکل افسران کو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، سپروائزرکو ٹیکنیکل افسر، اسسٹنٹ سپروائزر کو سپروائزر، سینئر آپریٹر کو اسسٹنٹ سپروائزر، آپریٹر کو سینئر آپریٹراورکینین ہینڈلر کو سینئر کینین ہینڈلر کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں 10 سپروائزر، 14 اسسٹنٹ سپروائزر، 15 سینئر آپریٹرز، 10 آپریٹرز، 14 کینین ہینڈلرز، 01 نیٹ ورک سپروائزر اور 09 ڈیٹا انٹری آپریٹرز شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپیشل برانچ کے پروموٹ ہونے والے ملازمین کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس میں ملازمین کی پروموشن کا سفر انشاء اللہ اگلے سال بھی جاری رہے گا اور اگلے سال 02 جنوری کو انسپکٹر سے ڈی ایس پی رینک پر ترقی کے لئے پروموشن بورڈ منعقد ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس فورس میں ملازمین کا مربوط اور فول پروف سروس اینڈ پروموشن سٹرکچر تشکیل دے دیا گیا ہے۔ترقی پانے والے افسران و اہلکار پاکستانیوں کی بہترین خدمت اور پاکستان کی بے خوف حفاظت یقینی بنائیں۔