چئیر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا جھنگ کا دورہ.
جھنگ(عرفان حیدر ملک سے)چئیر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا جھنگ کا دورہ. ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کی عورتوں اور بچوں کے کیسز سمیت پولیس کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ. تفصیلات کے مطابق چئیر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کے دورہ جھنگ کے دوران ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے عورتوں اور بچوں کے کیسز سمیت پولیس کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خواتین اور بچوں سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ عورتوں اور بچوں کے کیسز میں پولیس کی کارکردگی تسلی بخش قرار دیتے ہوئے چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ خواتین کے تحفظ، معاشرے میں انکے مساوی حقوق، خواتین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ان کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔خواتین کو قانونی، سماجی، تعلیمی، اور معاشی حوالے سے بھی مدد اور رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین پر تشدد، ہراسانی اور دیگر جرائم کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ خواتین اور بچے ہماری ریڈ لائن ہیں۔جھنگ پولیس کی لیڈی افسران خواتین کے تحفظ کیلئے قابلِ فخر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہیں، سوسائٹی کے تمام طبقات کے باہمی تعاون سے ہی حکومت پنجاب کی نیور اگین پالیسی کامیاب ہو سکے گی ۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کا کہنا تھا کہ جنسی جرائم کے خاتمے اور موثر تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن آفیسرز کو تربیت فراہم کی جارہی ہے جبکہ طلباء و طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے سکول و کالجز میں سیمینارز بھی منعقد کیے جارہے ہیں ۔