چنیوٹ : عید قربان تین عارضی سیل پوائنٹس 26 مئی سے فعال ہونگے
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع چنیوٹ میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لئےتین عارضی سیل پوائنٹس 26 مئی سے فعال ہونگے۔یہ سیل پوائنٹس جھنگ روڑ چنیوٹ،لالیاں اور بھوآنہ میں قائم کئے جارہے ہیں۔جھنگ روڑ سیل پوائنٹ کا انتظام پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی جبکہ لالیاں اور بھوآنہ کے سیل پوائنٹس متعلقہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ ہونگے۔ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے 26 مئی سے قبل سیل پوائنٹس میں ہر لحاظ سے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔انہوں نےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیل پوائنٹس میں بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نوٹیفائیڈ پوائنٹس کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی عائد ہے۔انہوں نے طے شدہ فیس کی اوورچارجنگ پر مقدمہ درج کرانے کا عندیہ دیا۔انہوں نے پارکنگ کےلئے مناسب انتظامات کا حکم دیا اور کہا کہ مقررہ پرچی فیس سے زائد وصول نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے بہترین ٹریفک مینجمنٹ کے لئے ٹریفک پولیس کو واضح ہدایات جاری کیں۔انہوں نے
کیٹل مارکیٹ کمپنی کے نمائندہ کو پانی کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ انتظامات میں معمولی سا بھی خلاء برداشت نہیں۔ڈپٹی کمشنر نےاسسٹنٹ کمشنرز کو انتظامات کی مکمل نگرانی کا حکم دیا۔