للیانی : ایک ماہ میں تیسرا نوجوان غائب ، لواحقین غم سے نڈھال
مصطفی آباد/للیانی(نمائندہ خصوصی)للیانی کو کسی کی نظر لگ گئی۔ایک ماہ میں تیسرا نوجوان غائب،لواحقین کا غم سے براحال ،ڈی پی او قصور اور آئی جی پنجاب سے خصوصی نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد للیانی کا علاقہ اغوا اور گمشدگی کی زد میں آچکا ہے ۔ایک ماہ کے دوران تیسرا نوجوان غائب ہوگیا۔دو مئی کو مہرشہزاد کا پندرہ سالہ بیٹا عبداللہ گھرسے مدرسےمیں پڑھنے کیلیے گیا اور آج تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ۔عبداللہ کے والد شہزاد کا کہنا ہے کہ پولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہی ہے ۔میرا ایک ہی بیٹا ہے جو کہ پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے مگر ایک ماہ گزرنے کے باوجود بیٹے کے بارے کچھ پتہ نہیں چل رہا۔چند دن پہلے معروف بزنس مین چوہدری فرغام کے نوجوان بیٹے کو بھی مبینہ طور پر نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے ۔اور اب گزشتہ روزمصطفی آباد کا رہائشی محمدمدثر جو کہ الیکٹریشن ہے ۔وہ بھی غائب ہوچکا ہے۔جس کاتھانہ مصطفی آباد پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے مگر ابھی تک مدثر کے بارے میں کسی قسم کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔غائب ہونے والوں کے والدین نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور عیسی خان سکھیرا سے اپیل کی ہے کہ ہمارے بچوں کو بازیاب کروایا جائے ۔