جاتی امرا کے قریب با اثر افراد کی قبرستان پر قبضہ کی کوشش
لاہور / رائےونڈ / جاتی امرا (آئی این پی ) حالیہ دنوں میں بعض بااثر قبضہ مافیا گروپس، گاؤں کے پرانے قبرستان پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ بزرگ سماجی رہنما حاجی محمد شفیع نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان میں دفن کئی بزرگوں اور شہداء کی قبریں آج بھی موجود ہیں، جنہیں مسمار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قبرستان میں علاقے کے کئی خاندانوں کی نسلیں دفن ہیں، اور بااثر افراد کی جانب سے قبرستان کی زمین ہتھیانے کی کوشش انسانیت سوز عمل ہے۔ حاجی شفیع نے حکومت، کمشنر لاہور، ڈی سی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کارروائی کر کے قبرستان کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنایا جائے اور آئندہ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔