دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد
چنی گوٹھ (نامہ نگار)چنی گوٹھ میں یومِ عاشور کے موقع پر دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ حسینیہ پر بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی قیادت لائسنس دار سید شبیر احمد شاہ اور حافظ عبدالمجید منتظری نے کی۔ جلوس کے دوران عزاداروں کے لیے جگہ جگہ سبیلوں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔راستے میں مختلف مقامات پر مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جن میں ذاکرین نے کربلا کے شہداء کے مصائب بیان کیے، جبکہ عزاداروں کی جانب سے ماتم، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔پولیس کی جانب سے جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، جن کی نگرانی ایس ایچ او تھانہ چنی گوٹھ نعیم اختر نے خود کی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار، واپڈا عملہ، ویسٹ مینجمنٹ ٹیم اور امن کمیٹی کے ممبران نے بھی جلوس کے دوران اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں، جس کے نتیجے میں جلوس پرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوا۔