کرائمز

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے اقدامات، 500روپے کورٹ فیس کا نوٹیفکیشن واپس

لاہور (آئی این پی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی ذاتی دلچسپی اور موثر اقدامات کے باعث پنجاب حکومت نے فنانس بل 2024ءمیں ترمیم کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کی مصدقہ نقل کے لیے مقرر کردہ 500روپے کورٹ فیس کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔اس اہم فیصلے پر وکلاءتنظیموں نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں اپنا ”اصل لیڈر“قرار دیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوانہ، لاہور بار کے صدر مبشرالرحمن چوہدری، ملتان، راولپنڈی اور بہاولپور بارز کے عہدیداروں نے ملاقات کی، اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ امجد اقبال رانجھا بھی موجود تھے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ کورٹ فیس میں اضافے کا فیصلہ ان کی حلف برداری سے قبل کیا گیا تھا تاہم وہ وکلاءکے مسائل کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھتے ہوئے اس کے حل کے لیے متحرک ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ جب وکلاءتنظیموں کے نمائندے حکومت سے مذاکرات میں کامیاب نہ ہو سکے تو انہوں نے خود چیف سیکرٹری پنجاب سے ملاقات کی اور اپنی بات منوائی، میرے بارے میں بہت کچھ کہا گیا لیکن میں نے ہمیشہ درگزر سے کام لیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وہ وکلاءکی ویلفیئر کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں، پورے پنجاب میں وکلاءکے لیے جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ لاہور بار کی عمارت سمیت دیرینہ مسائل کا بھی ادراک ہے۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے ملاقات میں بتایا کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی کوششوں سے پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے مصدقہ عدالتی فیصلے کی فیس 500روپے سے کم کرکے 100روپے کر دی ہے جبکہ عدالتی فیصلے کے ساتھ دیگر دستاویزات کی نقل کے لیے 150روپے فیس مقرر کی گئی ہے، اس سے قبل فیس 50روپے سے بڑھا کر 500روپے کر دی گئی تھی جس پر وکلا برادری نے شدید احتجاج کیا تھا۔ملاقات میں وکلاءتنظیموں کے عہدیداران نے کہا کہ آپ ہی ہماری اصل رہنما ہیں، ہمیں آپ ہی سے امید ہے، چیف جسٹس نے صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ سے گفتگو میں کہا کہ جب کوئی بار کا صدر بنتا ہے تو وہ کسی ایک جماعت کا نمائندہ نہیں ہوتا بلکہ پورے بار کا لیڈر ہوتا ہے۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات کو "تاریخی” قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، ملاقات کے اختتام پر تمام وکلا تنظیموں نے متفقہ طور پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button