کرائمز

سپیل کی پیشگوئی، دریاﺅں میں طغیانی بارے ایڈوائزری جاری

لاہور (آئی این پی)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے مون سون بارشوں کے اگلے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ ہے، 13اگست سے شروع ہونے والے مون سون بارشوں کے ساتویں سپیل کے باعث دریاوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام محکمے ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردِعمل کیلئے تیار رہیں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24گھنٹے مستعد رکھا جائے اور ریسکیو 1122کی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دریاﺅں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مویشیوں کے انخلا کو بھی یقینی بنایا جائے، عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، دریاﺅں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں اور ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی صورتحال اور ہدایات کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button