جماعت اسلامی پی پی 166 کی ماہانہ تربیتی نشست، ڈاکٹر فرید پراچہ کا خطاب
لاہور /سندر( آئی این پی ) جماعت اسلامی پی پی 166 کی ماہانہ تربیتی نشست زون کے امیر غلام حسین بلوچ کی زیر صدارت مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔ نشست میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ محمد یونس اور قاری نزیر احمد نے خصوصی طور پر خطاب کیا۔ نشست میں پی پی 166 سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس موقع پر غلام حسین بلوچ نے شرکائے نشست کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ جماعت اسلامی اپنی تربیتی اور فکری نشستوں کے ذریعے کارکنان کو نہ صرف فکری طور پر مضبوط بناتی ہے بلکہ ان کی کردار سازی اور عملی جدوجہد کو بھی منظم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسی سیاسی اور دینی تحریک ہے جو پاکستان کو قرآن و سنت کی بنیاد پر حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔مرکزی رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں موجودہ ملکی و عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو منظم کرنے اور پاکستان میں عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار، گفتار اور طرزِ عمل کے ذریعے معاشرے میں اسلامی قدروں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اصل مسائل مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن ہیں، جن کا خاتمہ اسلامی نظامِ عدل سے ہی ممکن ہے۔حافظ محمد یونس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کو چاہیے کہ وہ عوام کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط کریں اور ان کے مسائل کو اپنی تحریک کے پیغام کے ساتھ جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ کارکن ہی معاشرے میں تبدیلی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے قرآن و سنت سے رہنمائی لینے اور انفرادی و اجتماعی زندگی میں اس پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا۔قاری نزیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں فکری و نظریاتی یلغار کے مقابلے کے لیے دینی جماعتوں اور خصوصاً جماعت اسلامی کے کارکنوں کو اپنی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کا حصہ بننا ایک اعزاز ہے اور اس اعزاز کو برقرار رکھنے کے لیے محنت، قربانی اور استقامت بنیادی شرائط ہیں۔اس موقع پر نشست میں شریک کارکنان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ امتیاز ہے کہ وہ صرف اقتدار کی سیاست نہیں کرتی بلکہ ایک نظریاتی اور انقلابی جماعت کے طور پر عوامی خدمت اور کردار سازی کو مقدم رکھتی ہے۔نشست کے اختتام پر دعا کے ساتھ یہ عہد کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے نظریے، مشن اور مقصد کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔