بیٹے پر بہیمانہ تشدد ،ظالم باپ کے خلاف مقدمہ درج
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) ظالم باپ نے اپنے بیٹے پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اسے رسیوں سے باندھ کر قید کرلیا۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی میں بچے پر بہیمانہ تشدد کی اطلاع کی کال موصول ہوئی، جس میں کالر نے بتایا کہ والد نے اپنے بیٹے کو رسیوں سے باندھ کر کمرے میں بند کر رکھا ہے۔ بچے کی چیخ و پکار سن کر ہمسایے نے پولیس کی مدد طلب کی۔ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے پولیس کو فوراً موقع پر روانہ کیا، جہاں بچے کو رسیوں سے آزاد کروا کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ خوشاب پولیس نے ظالم باپ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا ہے۔بچے نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والدین اس پر تشدد کرتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا، جس پر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے بچے کو اس کے رشتے دار کی حفاظتی تحویل میں دے دیا۔ اور والدین کو تنبیہ کی کہ وہ آئندہ بچے پر تشدد نہیں کریں گے۔ترجمان کے مطابق شہری بچوں پر ظلم و زیادتی سے متعلق کسی بھی واقعہ کی اطلاع 15کال پر 3دبا کر ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی میں دیں۔