رائیونڈ غیرت کے نام پر فائرنگ 17 سالہ نوجوان طیب قتل
رائیونڈ(عبدالرزاق سید)رائیونڈ کے علاقے بستی سلامت پورہ میں غیرت کے نام پر ایک اور جان لے لی گئی۔ 17 سالہ طیب کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، مقتول طیب رات 10 بجے کے قریب اپنے دوستوں محمد آصف اور محمد ساجد کے ساتھ گھر کے باہر کھڑا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد وہاں پہنچے۔ملزم فیضان ولد طارق نے آتے ہی طیب کو للکارا اور کہا،میں تمہیں جان سے مار دوں گا۔ اس کے بعد اس نے پستول نکال کر سیدھا طیب کے سینے پر گولی چلا دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔قتل کی وجہ اور پولیس کی کارروائی عینی شاہدین کے مطابق، قتل کی بنیادی وجہ ملزم فیضان کی بہن فضا اور مقتول طیب کے درمیان مبینہ رابطہ بنا۔ مقتول کے والد کے مطابق، ملزم پہلے بھی ان کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے چکا تھا۔ وقوعہ کے فوری بعد اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی، جبکہ پولیس نے پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔پولیس نے ملزم فیضان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اہل علاقہ کا احتجاج، فوری انصاف کا مطالبہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ مقتول کے اہل خانہ اور شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتل کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ اہل محلہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور سخت اقدامات ضروری ہیں، تاکہ کسی اور بے گناہ کی جان نہ جائے۔