ادارے عوامی مسائل کے حل کے لئے کمر بستہ رہیں، علی اکبر بھنڈر
جھنگ(عرفان حیدر ملک سے)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی تسلسل سے جاری ہے جس میں شہریوں کے مسائل و شکایات کا موقع پرازالہ کیا جا رہا ہے۔ خدمت خلق کے تحت عوام کی داد رسی کا سلسلہ روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ حکومتی احکامات پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے حوالہ سے تحصیل سطح پر بھی اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی افسران شہریوں کے مسائل و شکایات کا موقع پرازالہ کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات و مسائل پر مبنی درخواستوں کی سماعت کے دوران یقین دلایا کہ انکی شکایات و مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتار کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور انہیں ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ عوام کے مسائل کا حل اور شکایات کا فوری ازالہ پنجاب حکومت کی فرنٹ لائن پالیسی اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے لہٰذا تمام ادارے عوامی مسائل کے حل کے لئے کمر بستہ رہیں۔افسران عوامی مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لیں اور اپنے دفاتر کے دروازے ان کے لئے کھلے رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کریں۔