سسرالیوں پر بہو کو زہریلی گولیاں دے کر قتل کرنے کا الزام، مقدمہ درج، ملزمان فرار
شکرگڑھ(خالد سیف انجم سے)تھانہ شاہ غریب کی حدود میں واقع گاؤں نواں پنڈ گھونہ میں سسرالیوں پر بہو کو زہریلی گولیاں دے کر قتل کرنے کا الزام، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے
تفصیلات کے مطابق مقتولہ ثناء شہزادی کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی اور اس کا شوہر روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب مقیم ہے۔ مقتولہ کے والد کے مطابق سسرالی رشتہ دار آئے روز ان کی بیٹی پر تشدد کرتے تھے
گزشتہ روز اہل خانہ کو اطلاع دی گئی کہ ثناء شہزادی کی طبیعت خراب ہے اور اسے ہیضہ لاحق ہو گیا ہے۔ اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج مقتولہ نے ہوش میں آ کر بتایا کہ اسے زبردستی زہریلی گولیاں دی گئی ہیں۔ کچھ دیر بعد وہ دم توڑ گئی
پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم نامزد ملزمان واقعے کے بعد سے فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا