گوجرانوالہ: لوئیاں والا کے قریب فائرنگ، طالب علم زخمی
گوجرانوالہ (خلیل الرحمان ملک سے ) گوجرانوالہ کے نواحی علاقے لوئیاں والا کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق جھگڑا جمعیت اور ایم ایس ایف کے حامی گروپوں کے درمیان ہوا، جس دوران دونوں جانب سے اسلحے کی نمائش اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں ایک طالب علم کو گولی لگی جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہے، جس کے باعث ان کا اثر و رسوخ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ فائرنگ کے واقعات سے تعلیمی اداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور والدین بھی اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سخت پریشان ہیں عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے تاکہ طلبہ پرامن ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں اور شہریوں کو بھی سکون نصیب ہو۔